بھٹکل 18 جولائی (ایس او نیوز) یہاں نوائط کالونی ، تنظیم جمعہ مسجد کے قریب واقع انفال دفتر میں اچانک آگ لگ جانے سے دفتر کے اندر موجود تمام ساز و سامان جل کر خاکستر ہوگیا، البتہ فائر بریگیڈ کی فوری آمد سے پاس پڑوس کی دکانیں محفوظ رہ گئیں۔ واردات اتوار اور پیر کی درمیانی شب قریب 3:30 بجے پیش آئی۔
اطلاع کے مطابق بھٹکل ٹائون پی ایس آئی کوڈگونٹی اپنے عملہ کے ساتھ رات کا گشت لگارہے تھے کہ انہوں نے متعلقہ دفتر سے دھواں اُٹھتا ہوا دیکھا، غور کرنے پر پتہ چلا کہ دفتر کے اندر آگ لگی ہوئی ہے، انہوں نے فوری دکان مالکان کو خبر دیتے ہوئےمجلس اصلاح و تنظیم کے جنرل سکریٹری محی الدین الطاف کھروری کو بھی واقعے کی جانکاری دی اور فائر بریگیڈ کے عملہ کو بلوالیا۔ پل بھر میں فائر بریگیڈ موقع پر پہنچی، مگر اُس وقت تک دفتر کے اندر موجود تین کمپوٹر، ایک اے سی، سی سی ٹی وی کیمرے، کیمرے کاسسٹم، ٹیبل، کرسیاں، صوفہ، دیگر فرنیچرس اور دفتر کا ڈیکوریشن وغیرہ سب کچھ جل کر خاک ہوچکا تھا۔ شارٹ سرکیوٹ سے آگ لگنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے اور نقصان کا تخمینہ قریب پانچ لاکھ روپیوں کا لگایا گیا ہے۔ آگ لگنے سے تمام حساب کتاب اور دیگر ضروری کاغذات بھی جل کر راکھ ہوگئے ہیں۔
واقعے کی جانکاری ملتے ہی انفال سوپرمارکٹ کے انفال رکن الدین، امتیاز، افضان، حسان سمیت تنطیم جنرل سکریٹری محی الدین الطاف کھروری اور نوائط کالونی کے دیگر ذمہ داران بھی موقع پر پہنچ گئے ۔
یہ تو اچھا ہوا کہ پولس کی بروقت کاروائی سے آگ پر جلد ہی قابو پالیا گیا، ورنہ پڑوس کی دکانوں میں بھی آگ پھیلنے کا خدشہ تھا۔